پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ کراچی میں اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہوئے۔
پاکستان میں آئے روز ٹریفک حادثات میں اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کے پیچھے بڑی وجوہات میں لاپرواہی اور تیز رفتار ڈرائیونگ شامل ہیں۔ ایشین ٹرانسپورٹ آبزرویٹری کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تقریبا ہر 6 منٹ بعد کسی نہ کسی انسان کی موت واقع ہوتی ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے۔
آج صبح ایبٹ آباد ہزارہ موٹروے پر گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نیتجے میں 7 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے اموات اور زخمیوں کی تعداد کنفرم کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ان کے مطابق امدادی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں تھیں جنہوں نے زخمیوں کو دونوں ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
دوسری جانب بھکر پولیس کے مطابق دریا خان میں ہیتو خسور روڈ پر بالی ہیڈ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے۔ حادثہ رات گئے پیش آیا۔ پٹرولنگ پولیس قریشیانوالہ نے زخمیوں کو ٹرالی سے نکال کر ریسکیو 1122 کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر دریا خان اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس نے غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزام میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اسی طرح ریسکیو 1122 ملتان کے مطابق عبدالحکیم کے قریب ایم فور موٹروے پر کار آگے جانے والے ٹینکر سے پیچھے کی جانب ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 75 سالہ اسماعیل جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 48 سالہ محمد فہیم، 36 سالہ شعیب اور 22 سالہ احمد شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے اور کار لاہور سے مظفرگڑھ جا رہی تھی۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد آر ایچ سی عبدالحکیم منتقل کر دیا۔
مزید پڑھیں:امیتابھ بچن کا گھر اور ممبئی ہائیکورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، ہندوستان ٹائمز
علاوہ ازیں نیو کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کے مطابق زخمی بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔













جمعہ 6 نومبر 2026 
