ٹرمپ نے جے ڈی وینس کوخارجہ معاملات سے ہٹا دیا، داخلی امور پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

امریکی صدر ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹاتے ہوئے داخلی امور پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس، جو اس جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں کردار ادا کر رہے تھے، کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مکمل توجہ ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور کرپشن پر مرکوز کریں۔

ٹرمپ کی یہ ہدایت امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ آمنے سامنے امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔ اس سے ایک ہفتہ قبل ہی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان نے ان کے لہجے میں ایک واضح تبدیلی کو ظاہر کیا ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ ایران امریکی انتخابات کے بعد معاہدہ کرنے کے لیے زیادہ رضامند ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، وہ دن گزر چکے۔ ہمارے پاس ان کا پیسہ، سیکڑوں اربوں ڈالرز ہیں اور ہمارے پاس ان کی آبنائے ہرمز ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے جے ڈی وینس سے کہا ہے کہ وہ اس کے بجائے ایک مقامی مسئلے پر توجہ مرکوز کریں جو صدر نے پہلے ہی ان کے ذمے لگایا تھا، یعنی امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ کے خلاف مہم کی قیادت کرنا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’اس بڑے پیمانے پر ہونے والی مجرمانہ سرگرمی کو ٹھیک کر کے ہمارا بجٹ تیزی سے متوازن کیا جا سکتا ہے۔ کرپشن ڈیموکریٹ قیادت کے خون میں ہے‘۔

مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل، اوگرا نوٹیفکیشن جاری

خیال رہے کہ جے ڈی وینس جنہیں 2028 کی ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، نے گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹس کے ہاتھوں ریپبلکنز کی مڈٹرم الیکشن میں شکست کے بعد خود کو اس جنگ سے دور کر لیا تھا۔