ملک بھر میں کیش لیس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے اہم فیصلہ

Calender Icon جمعرات 12 نومبر 2026

کیش لیس پاکستان: آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں 16 نومبر سے راست کے ذریعے ہوں گی.ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے والےتاجروں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ 30 ہزار ہوگئی۔

ملک بھر میں کیش لیس پاکستان اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرلیا گیا۔ 16 نومبر سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔

یہ فیصلے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت کیش لیس پاکستان سے متعلق اجلاس میں کیے گئے۔

وزارت خزانہ کے مطابق آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی ادائیگیوں کے لیے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے۔

ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بجلی اور گیس کے بلوں پر راست کیو آر کوڈ لگا دیے گئے ہیں، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اپنے بل ادا کرسکتے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق نادرا کے تمام مراکز میں بھی راست کیو آر کوڈ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:لکی مروت؛ فتنۃ الخوارج کیخلاف مشترکہ کریک ڈائون، مغوی رہا، 2 دہشتگرد ہلاک

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مجموعی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد ملک میں نقد ادائیگیوں کے بجائے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینا ہے۔