یو ایچ ایس میں پورٹل کا افتتاح کر دیا، پہلے مرحلے میں 33 اداروں کے 3,300 پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز شامل ہوں گے
پنجاب میں میڈیکل اور ہیلتھ پروفیشنلز کی تعلیم و تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور ان کی عملی صلاحیتوں کی مؤثر نگرانی کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’پرائم‘‘ متعارف کرا دیا۔
صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے جمعہ کے روز یو ایچ ایس میں اس ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس نظام کے تحت میڈیسن، ڈینٹسٹری، نرسنگ، فارمیسی اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی تعلیم اور تربیت کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
تقریب میں وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر، سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، پروفیسر احسن وحید راٹھور، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر زہرہ خانم اور وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر اصغر نقی سمیت طبی تعلیم کے شعبے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل امین، پرنسپل جنرل ہسپتال و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر وارث فاروقہ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم اور ڈین شیخ زید ہاسپٹل لاہور پروفیسر عائشہ ہمایوں بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ سٹڈیز پروفیسر آصف نوید نے شرکاء کو پورٹل کے اغراض و مقاصد اور طریقہ کار پر بریفنگ دی۔
’’پرائم‘‘ کے ذریعے روایتی دستی لاگ بکس کا نظام ختم کرکے ٹرینیز کی تربیت سے متعلق تمام سرگرمیوں، کلینیکل تجربات، عملی مہارتوں اور تحقیقی پیش رفت کا الیکٹرانک ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
اساتذہ اور سپروائزرز کی کارکردگی بھی ڈیجیٹل طور پر مانیٹر ہوگی۔ ہر تربیتی ادارے کو اپنا علیحدہ ڈیش بورڈ فراہم کیا جائے گا جبکہ تمام اداروں کی مجموعی نگرانی یو ایچ ایس کرے گی۔ اس نظام کے تحت اب صرف ڈگری یا امتحانی نتائج ہی نہیں بلکہ طبی تربیت حاصل کرنے والوں کی عملی صلاحیتوں اور کلینیکل تجربے کو بھی جانچا جا سکے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شعبہ صحت میں بہتری لانا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ معیاری علاج کی فراہمی کے لیے جدید ہسپتالوں اور طبی سہولیات کے ساتھ تربیت یافتہ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کی دستیابی بھی ناگزیر ہے۔
طبی تعلیم کا مقصد محض ڈگریاں دینا یا ڈاکٹروں کی تعداد بڑھانا نہیں بلکہ ایسے ماہر طبی پیشہ ور تیار کرنا ہے جو درست طبی فیصلے کرنے، علاج کے جدید طریقہ کار پر عمل کرنے اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس تقریباً 230 اداروں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم و تربیت کی نگرانی کرتی ہے۔ اتنے وسیع نظام کے لیے مؤثر مانیٹرنگ، درست ڈیٹا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باقاعدہ جائزے کی ضرورت ہے۔ ’’پرائم‘‘ اس حوالے سے ایک اہم قدم ہے جو سپروائزرز کو ٹرینیز کی کارکردگی جانچنے، تربیتی خامیوں کی بروقت نشاندہی کرنے اور معیار بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’’پرائم‘‘ سے تربیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور شواہد پر مبنی بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پورٹل کی تیاری پر یو ایچ ایس، ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز، فیکلٹی ممبران اور منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر نے بتایا کہ منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 33 تربیتی اداروں کے 3,300 پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور 1,100 سپروائزرز کو پورٹل پر رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں 60 میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے 33,875 طلبہ جبکہ تیسرے مرحلے میں نرسنگ، فارمیسی اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 31,734 طلبہ کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کا اہم سنگِ میل ہے، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ ’’پرائم‘‘ کے ذریعے پنجاب میں طبی تعلیم و تربیت کے معیار، شفافیت اور ادارہ جاتی نگرانی کو ایک جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مربوط کیا جائے گا۔












جمعہ 13 نومبر 2026 