بلوچستان، شہید میجر عمر منہاس اور حوالدار عدنان خان کی نماز جنازہ ادا

Calender Icon اتوار 15 نومبر 2026

بلوچستان میں گزشتہ روزشہید ہونے والے پاک فوج کے میجرعمر ناصر منہاس اور حوالدار عدنان خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، سینئر سول و ملٹری افسران اور شہدا کے عزیز و اقارب شریک ہوئے۔شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت فتنہ الہندوستان کو مسلسل مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:ایس ایم ایز کو 300ارب روپے کی مالیاتی سہولیات فراہمی کا فیصلہ

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ پالیسی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔