امریکی ریاست فلوریڈا کے محققین نے ایک ایسا نایاب اور حیرت انگیز مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت جان لیوا زہر اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والا مادہ بنانے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی آف فلوریڈا اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں نے اس منفرد دریافت کو ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا ہے، جو بیک وقت دو انتہائی مختلف کیمیائی مادے یعنی جان لیوا زہر ’امے ٹوکسنز‘ اور میجک مشرومز میں پایا جانے والا نفسیاتی اثرات کا ذمہ دار مادہ ’سائلو سائبن‘ پیدا کرتا ہے۔ تحقیق کے مرکزی مصنف اور ماہرِ حیاتیات اینڈریو کُنِک کا کہنا ہے کہ انسانی تاریخ میں مشروم کو عموماً دو الگ الگ حوالوں سے دیکھا جاتا رہا ہے جہاں یا تو وہ فریبِ نظر اور نشہ آور اثرات کے حامل ہوتے ہیں یا پھر انتہائی زہریلے اور جان لیوا، تاہم یہ نئی دریافت ان دونوں دنیاؤں کا ایک غیر معمولی امتزاج ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق سائنس دانوں نے ابتدا میں ’لٹل براؤن مشرومز‘ کہلانے والی کھمبیوں کے ایک وسیع گروہ پر تحقیق شروع کی تھی اور وہ خصوصی طور پر ’گیلیرینا‘ جینس کے ایسے مشروم کی تلاش میں تھے جو امے ٹوکسنز پیدا کرتے ہیں، جن میں دنیا کی انتہائی زہریلی کھمبی کہلانے والا ’ڈیتھ کیپ‘ مشروم بھی شامل ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس منفرد ڈارک میجک مشروم کی جینیاتی ساخت کا مطالعہ نہ صرف مشروم کی کیمیائی خصوصیات کے بارے میں ہمارے سائنسی علم میں اضافہ کرے گا، بلکہ یہ سمجھنے میں بھی مدد دے گا کہ فطرت میں مختلف زہریلے اور نفسیاتی مرکبات کس طرح ارتقا پذیر ہوئے۔












پیر 16 نومبر 2026 