Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

پنجاب پولیس نے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری کو گرفتار کرلیا: جے یو آئی

Calender Icon بدھ 25 نومبر 2026

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے سرگودھا جلسے کے دوران رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور جمعیت طلباء اسلام (جے ٹی آئی) کے مرکزی صدر ملک اویس کو گرفتار کر لیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اگر گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو پیدا ہونے والے حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ اسلم غوری نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے اور سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جا رہی ہے؟ مریم نواز خود تو جلسے جلوس کر رہی ہیں تو کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا آئینی حق حاصل نہیں؟

ترجمان جے یو آئی نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے اور ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ مولانا عبدالغفور حیدری رکن قومی اسمبلی ہیں، کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے عمل میں لائی گئی ہے؟

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ بغیر وارنٹ گرفتاریاں ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں اور مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جے یو آئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں، لہٰذا حکومت فوری طور پر تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔