Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

2006میں بنی وہ فلم جس کا جادو 2 دہائیوں بعد آج بھی برقرار ہے

Calender Icon جمعہ 27 نومبر 2026

مارٹن اسکورسیزی ہالی وڈ کے مشہور ترین ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہیں۔انہیں عالمی سنیما کی تاریخ کے بااثر ترین فلم سازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور، ریجنگ بل، گڈ فیلاز، دی وولف آف وال اسٹریٹ اور متعدد مشہور فلموں کی ہدایات دیں۔

عام طور پر وہ کرائم، تھرلر اور نفسیاتی موضوعات پر مبنی فلمیں بناتے ہیں مگر حیران کن طور پر وہ صرف ایک بار ہی دنیائے فلم کے سب سے بڑے آسکر ایوارڈ کو جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

2006 میں ریلیز ہونے والی فلم دی ڈیپارٹڈ کی کہانی بوسٹن میں ایک خفیہ پولیس افسر اور پولیس میں موجود مافیا کے مخبر کے گرد گھومتی ہے۔فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو، میٹ ڈیمن، جیک نکلسن اور مارک والبرگ جیسے اداکاروں نے کام کیا۔

مافیا باس فرینک کوسٹلو (جیک نکلسن) اپنے وفادار کولن سلیوان (میٹ ڈیمن) کو پولیس فورس میں داخل کرواتا ہے تاکہ اسے چھاپوں اور کارروائیوں کی پیشگی اطلاع مل سکے۔

دوسری طرف پولیس افسر بلی کوسٹیگن (لیونارڈو ڈی کیپریو) خفیہ طور پر کوسٹلو کے گینگ میں گھس جاتا ہے تاکہ اندر سے اسے تباہ کر سکے۔کولن سلیوان اور بلی کوسٹیگن دونوں اپنی دوہری زندگی میں پھنس جاتے ہیں۔

جب پولیس اور گینگ دونوں کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے درمیان کوئی مخبر موجود ہے، تو بلی اور کولن کے درمیان ایک خطرناک کھیل شروع ہو جاتا ہے جس میں دونوں اپنی جان بچانے کے لیے ایک دوسرے کی اصلیت جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

آگے کیا ہوتا ہے یہ تو فلم دیکھ کر ہی جاننا بہتر ہوگا۔یہ فلم 2002 میں ریلیز ہونے والی ہانگ کانگ کی مشہور کرائم تھرلر فلم انفرنل افیئرز کا انگریزی آفیشل ریمیک ہے۔

فلم میں جیک نکلسن کا کردار (فرینک کوسٹیلو) بوسٹن کے ایک بدنام زمانہ حقیقی گینگسٹر وائٹی بلجر کی زندگی سے متاثر ہو کر لکھا گیا تھا۔

ہدایت کار مارٹن سکورسیزی نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی شاہکار فلمیں بنائیں، لیکن انہیں بہترین ڈائریکٹر کا پہلا آسکر ایوارڈ اسی فلم پر ملا تھا۔اس فلم نے بہترین فلم سمیت کل 4 آسکر ایوارڈز جیتے۔

فلم میں ایک خاص بصری تکنیک استعمال کی گئی ہے، جس کردار کی موت ہونے والی ہوتی تھی، اس کے منظر سے ٹھیک پہلے پس منظر میں کہیں نہ کہیں انگریزی حرف’ کا نشان ضرور دکھایا جاتا (مثلاً دیوار پر ٹیپ، کھڑکی کے شیشے، یا لائٹ کے سائے کی شکل میں)۔

جیک نکلسن نے فلم کے کئی مشہور مناظر میں اسکرپٹ سے ہٹ کر خود سے مکالمے اور حرکات شامل کیں۔

ایک منظر میں انہوں نے اچانک اصلی پستول نکال کر لیونارڈو ڈی کیپریو کو حیران کر دیا تھا تاکہ کیمرے پر لیونارڈو کے حقیقی خوف کے تاثرات قید کیے جا سکیں۔

ابتدا میں وہ خود کولن سلیوان (میٹ ڈیمن) کا کردار ادا کرنے والے تھے، لیکن بعد میں انہوں نے پیچھے ہٹ کر ایک نوجوان اداکار کو موقع دینے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد، مکہ معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس ختم

اگرچہ فلم کی پوری کہانی بوسٹن شہر کے گرد گھومتی ہے، لیکن بجٹ اور ٹیکس میں رعایت کی وجہ سے اس کی زیادہ تر شوٹنگ نیویارک شہر میں کی گئی تھی۔