آخری اوور میں میچ بچانے میں ناکامی پر تنقید، حارث رؤف کا جواب سامنے آ گیا

Calender Icon جمعہ 3 اپریل 2026

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ایک میچ برا ہو جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ برے بولر بن گئے لیکن ہمارے ہاں بس لوگ یہ کہنا شروع ہو جاتے ہیں کہ یہ ختم ہو گئے ہیں، ان کے ساتھ یہ کرو وہ کرو۔

لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ہر کسی کی اپنی رائے ہے، لیکن ہم اپنے اوپر یقین رکھتے ہیں اور اس کے مطابق کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کی گراؤنڈ پچز اور باؤنڈریز ہیں رنز تو زیادہ بننے ہی ہیں، جب ہائی اسکورنگ میچز ہوں گے تو دونوں ٹیموں کے بولرز کو ہی رنز پڑیں گے۔

حارث رؤف نے کہا کہ ایک دو بولروں کو رنز نہیں پڑیں گے باقی 4 کو تو رنز پڑیں گے جس طرح کی کنڈیشنز چل رہی ہیں اور آپ پار اسکور سے 15، 20 رنز کم دیتے ہیں تو اس کا مطلب بولرز نے اچھا کیا۔

حارث رؤف کا ماننا ہے کہ آج کل آپ جتنی ورائٹی کے ساتھ بولنگ کریں گے اتنا اچھا رہتا ہے، ابھی لیگ کا آغاز ہے، اپنی چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، اپنی ڈیتھ بولنگ کو بہترین بنانے کے لیے کوشاں ہوں ڈیتھ اوورز میں کہاں بہتری لانی ہے اس پر کام کر رہا ہوں۔

حارث رؤف نے کہا کہ میں اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں، آپ پر تنقید ہو رہی ہو لیکن دوسروں پر نہیں تو اس کا مطلب ہے لوگوں کو آپ سے بہت توقعات ہیں، جب توقعات پر پورا نہیں اترتے تو لوگ پھر آپ پر باتیں بھی کرتے ہیں، فینز ہیں ان کے جذبات ہیں وہ برداشت نہیں کر پاتے، کوشش ہے کہ توقعات پر پورا اترا جائے ہم خود بھی جذباتی ہو جاتے ہیں اور برداشت نہیں کر پاتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹر کی خوش قسمتی ہوتی ہے کہ وہ ایک ہی ٹیم کے ساتھ لیگ کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہے، لاہور قلندرز سے میرا 8 واں ایڈیشن ہے، لاہور قلندرز کا مجھ پر یقین ہے اور میں بھی چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، کسی بھی ٹیم کے چند اہم کھلاڑی ساتھ ہوں تو پھر ارد گرد نئے لڑکوں کو سیکھنے اور سیٹ ہونے کا موقع ملتا ہے۔