بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر روبیل حسین کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

بنگلہ دیش کے تجربہ کار فاسٹ بولر روبیل حسین (Rubel Hussain) نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے طویل اور یادگار کیریئر کا اختتام ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق 36 سالہ فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ 159 بین الاقوامی میچز پر مشتمل اپنے کیریئر کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔

روبیل حسین نے آخری بار اپریل 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، جس کے بعد وہ انجریز کے باعث مستقل طور پر ٹیم سے باہر رہے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل میں رائلی روسو کا بڑا اعزاز، 100 میچز کھیلنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے

انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف شاندار اسپیل کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جہاں ان کی اہم وکٹوں نے بنگلہ دیش کو تاریخی فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

اپنے کیریئر میں روبیل حسین نے 27 ٹیسٹ، 104 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی۔

ریٹائرمنٹ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، تاہم ہر کھلاڑی کے کیریئر میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب اسے الوداع کہنا پڑتا ہے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھیں گے اور اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔