آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

Calender Icon پیر 11 مئی 2026

وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں آئی ٹی کے فروغ، ڈیجیٹل سہولیات اور برآمدات میں اضافے سے متعلق مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے وابستہ برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں “آسان خدمت مراکز” کے قیام پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان سہولیات کو ملک کے دیگر صوبوں تک بھی وسعت دینے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل فرق کم کرنے کیلئے ضلعی اور صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024 میں 19 لاکھ سے بڑھ کر 2026 میں 51 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.5 سے 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ حال ہی میں پاکستان میں 5 جی سروسز کیلئے ہونے والی نیلامی 2016 کے بعد دنیا کی سب سے بڑی اسپیکٹرم آکشن قرار دی گئی، جس سے ملک کو 509 ملین امریکی ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا۔

مزیدپڑھیں:حکومتی ادارے بے بس، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ، کراچی والے سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کیلئے فروری 2026 میں “انڈس اے آئی ویک” کا انعقاد کیا گیا، جس کے تحت 30 شہروں میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس پروگرام میں 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی جبکہ 88 مختلف پویلینز قائم کیے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور بنیادی صحت مراکز کو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں فری انٹرنیٹ ہاٹ اسپاٹس کی تنصیب کا منصوبہ آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ Saidpur Village اور Fatima Jinnah Park میں ای لرننگ پاڈز نصب کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔