برازیل (Brazil) کے اسٹار فٹبالر نیمار فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے دوران ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث ان کی آئندہ دوستانہ میچز اور ممکنہ طور پر ورلڈ کپ کے ابتدائی مقابلوں میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیمار کو مکمل فٹنس حاصل کرنے میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں، جبکہ برازیلین ٹیم انتظامیہ ان کی صحت سے متعلق صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
34 سالہ نیمار کو یہ انجری 17 مئی کو سینٹوس اور کوریتیبا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ہوئی، جس میں سینٹوس کو 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انجری کے اگلے ہی روز برازیل کے نئے ہیڈ کوچ Carlo Ancelotti نے نیمار کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں؛پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز: کوپر کنولی آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل
کارلو اینسیلوٹی کا کہنا ہے کہ نیمار کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں ان کی جسمانی حالت میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیمار برازیلین ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔
برازیل کے ٹیم ڈاکٹر روڈریگو لاسمار کی جانب سے انجری کی تصدیق کے بعد مڈفیلڈر Casemiro نے بھی نیمار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کی مکمل فٹنس ٹیم کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ برازیل فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی میں شامل ہے، جہاں اسے 13 جون کو مراکش، 19 جون کو ہیٹی اور 24 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچز کھیلنا ہیں۔












جمعہ 29 مئی 2026 