ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیمز ہینڈی گھر میں قتل

Calender Icon جمعہ 5 جون 2026

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیمز ہینڈی(James Handy) کو مبینہ طور پر ان کی خاتون دوست کے بیٹے نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔

افسوسناک واقعہ امریکی شہر لاس اینجلس میں پیش آیا، جہاں 81 سالہ اداکار اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 3 جون کو پیش آیا۔ مقامی پولیس کو صبح کے وقت ایک ہنگامی کال موصول ہوئی، جس پر اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے۔ پولیس نے جیمز ہینڈی کو زخمی اور بے ہوشی کی حالت میں پایا، جن کے سینے پر چاقو کے وار کے نشانات موجود تھے۔

اداکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی کوششوں کے باوجود موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد 44 سالہ مائیکل گلیڈل نامی مشتبہ شخص کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نے خود پولیس کو اعتراف کیا کہ اس نے جیمز ہینڈی پر حملہ کیا تھا۔

مزیدپڑھیں:نیپرا کا دوہرا فیصلہ، بجلی ایک طرف مہنگی تو دوسری جانب سستی

رپورٹس کے مطابق مائیکل گلیڈل اپنی والدہ کے ساتھ رہتا تھا، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ جیمز ہینڈی کی قریبی دوست تھیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ قتل کے محرکات اور پس منظر کا مکمل تعین کیا جا سکے۔

جیمز ہینڈی نے 1977 میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور کئی دہائیوں تک فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ رہے۔ انہوں نے متعدد معروف ہالی ووڈ پروڈکشنز میں کام کیا، جن میں “ٹاپ گن: میورک” اور “جمانجی” جیسی مشہور فلمیں بھی شامل ہیں۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔