آزاد کشمیر: انتشار پھیلانے والوں سے بات نہیں ہوگی، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا دوٹوک مؤقف

Calender Icon ہفتہ 6 جون 2026

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور (Faisal Mumtaz Rathore) نے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر انتشار اور بدامنی پھیلانے والے عناصر سے اب کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے مخصوص سیاسی گروہ اور سوشل میڈیا ٹرولز اپنے ایجنڈے کے تحت حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت ایسے عناصر کے سامنے جھکنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں، ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصر ریاستی اداروں کے خلاف سرگرم ہیں، اور ایسے افراد کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے دعویٰ کیا کہ وہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے ماضی کے مذاکرات سے بخوبی آگاہ ہیں، تاہم ان کے مطابق یہ غیر سیاسی گروہ بارہا مذاکرات سے انکار کرتا رہا ہے اور ریاستی عمل کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرتا ہے۔

مزید پڑھیں؛جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم تنظیم قرار، محکمہ داخلہ نوٹیفکیشن جاری

ان کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، جن میں ریاستی نظام کو چیلنج کرنے کے اشارے دیے گئے ہیں، جبکہ حکومت پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے لیکن کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کئی سہولیات اور مراعات حاصل ہیں، جن میں سستی بجلی اور آٹا شامل ہے، جس کا اعتراف بھی کیا جانا چاہیے۔