فیفا (FIFA) ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو امریکا میں قیام کی اجازت نہ ملنے کے باعث انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ایرانی ٹیم اپنے گروپ مرحلے کے میچز کے دوران امریکا میں قیام نہیں کر سکے گی اور ہر میچ کے لیے میکسیکو سے امریکا کا سفر کرے گی، جبکہ میچ کے بعد ٹیم دوبارہ اپنے بیس کیمپ واپس لوٹ آئے گی۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے اپنا تربیتی کیمپ میکسیکو کے شہر تیجوانا میں قائم کیا ہے، جہاں ٹیم پہلے ہی پہنچ چکی ہے۔
ایران کے گروپ مرحلے کے میچز امریکا کے شہروں لاس اینجلس اور سیٹل میں شیڈول ہیں۔ تیجوانا سے لاس اینجلس کا سفر تقریباً 45 منٹ سے ایک گھنٹے پر مشتمل ہوگا، جبکہ سیٹل تک پرواز کا دورانیہ تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے ہے۔
مزید پڑھیں؛فیفا ورلڈ کپ 2026: ایران کے کھلاڑیوں کو ویزے مل گئے، انتظامی وفد پر پابندی برقرار
ایران اپنا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگرچہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو امریکی ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج سمیت بعض اہم انتظامی عہدیداروں کو ابھی تک ویزے جاری نہیں ہوئے، جس سے ٹیم کو اضافی انتظامی مسائل درپیش ہیں۔












پیر 8 جون 2026 