مری میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، 10 افراد جاں بحق

Calender Icon بدھ 10 جون 2026

راولپنڈی(Rawalpindi) میں مری(Murree) ایکسپریس وے پر کحجوٹ کے قریب ایک ہائی ایس وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں10افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری اور مری انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:پیٹرول، موبائل، خریداری، تنخواہ سمیت ہرچیز پر ٹیکس؛ کیا عام شہری پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے؟

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید تفصیلات اور مصدقہ معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں 10 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو اور انتظامی ادارے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔