بلوچستان میں مون سون کی پیش قدمی، 7 اور 8 جولائی کو شدید بارشوں کی پیشگوئی

Calender Icon منگل 7 جولائی 2026

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون کی فعال بارشوں(Rain) کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام اور مسافروں کو الرٹ کر دیا ہے، محکمہ کے مطابق 7 اور 8 جولائی کو صوبے کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں، جو نہ صرف زرعی سرگرمیوں کے لیے خوش آئند ہیں بلکہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی پیدا کر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ژوب، شیرانی، کوہلو، نصیر آباد اور ڈکی اضلاع میں عام بارش کا امکان ہے جبکہ ہرنائی، لورالائی، سبی، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار، ڈیرہ بگٹی اور ان کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ مون سون کی یہ لہر بلوچستان کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گی۔بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بعض ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات نے عام شہریوں بالخصوص مسافروں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں۔ خاص طور پر پہاڑی راستوں، نشیبی سڑکوں اور ندیوں کے قریب سفر کرتے وقت احتیاط برتی جائے۔ اگر سفر ناگزیر ہو تو تازہ ترین موسمیاتی اپ ڈیٹس چیک کیے جائیں اور احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔

ماہرین کے مطابق ان بارشوں سے صوبے کے خشک علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کو نئی جان مل سکتی ہے۔ مویشی پالنے والوں کے لیے چارے کی دستیابی بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم، پرانی عمارتوں، کمزور انفراسٹرکچر اور کچی سڑکوں والے علاقوں میں نقصان کا اندیشہ بھی ہے۔

مزیدپڑھیں:صدر آصف زرداری 2 روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچ گئے، شاندار استقبال

پچھلے سالوں کے تجربات کی روشنی میں محکمہ موسمیات نے متعلقہ حکام کو پہلے ہی الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس اور دیگر سہولیات تیار رکھی جائیں۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ بارش کے دوران کھلی جگہوں پر نہ رہیں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں اور بچوں کو گھروں میں محفوظ رکھیں۔