پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز(West indies) کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابرکردی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز میں کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ میں عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے 4 اننگز میں 193 رنز بنائے، جہاں ان کی اوسط 96.50 رہی، اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے، تاہم دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی اننگز نے پاکستان کو 43 رنز کی اہم برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیریز کی آخری اننگز میں بابر نے 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔
مزیدپڑھیں:لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش
اس شاندار کارکردگی دکھانے پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے 4 اننگز میں 111 رنز بنانے کے علاوہ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اس کے ساتھ ہی بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ تھا، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔
اس سے قبل وہ 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا، جبکہ وقار یونس اس فہرست میں 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔













جمعرات 6 اگست 2026 

