سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کا ایک اور بہترین فائدہ دریافت، نئی تحقیق کے نتائج جانیں

Calender Icon پیر 17 اگست 2026

جامعہ ایسٹ اینگلیا کی ایک عالمی تحقیق کے مطابق سیڑھیاں(stairs) چڑھنے کی روزمرہ عادت سے دل کی بیماریوں سے موت کے خطرے میں ’39 فیصد’ جبکہ کسی بھی وجہ سے ہونے والی موت کے امکان میں ’24 فیصد’ تک نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 4 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد کے اعداد و شمار پر مبنی اس مطالعے نے ثابت کیا ہے کہ بنا جِم ممبرشپ کے روزمرہ زندگی میں کی جانے والی یہ معمولی جسمانی سرگرمی بھی انسان کو طویل اور صحت مند زندگی فراہم کرسکتی ہے۔

تحقیق کے دوران 35 سے 84 برس کے صحت مند اور دل کے عارضے میں مبتلا افراد کا اوسطاً 14 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔ ماہرین نے دریافت کیا کہ جو لوگ باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتے ہیں ان میں ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیلیئر جیسے جان لیوا امراض کی شرح خاصی کم دیکھی گئی۔

محقق سوفی پیڈوک کے مطابق جتنی زیادہ سیڑھیاں چڑھی جائیں اتنے ہی زیادہ صحت کے فوائد حاصل ہوتے ہیں، تاہم روزانہ صرف 6 منزلیں چڑھنا سب سے بہترین نتائج فراہم کر سکتا ہے۔

مزیدپڑھیں:پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا

سیڑھیاں چڑھنا ایک انتہائی مؤثر ورزش ہے کیونکہ اس عمل میں جسم کو زمین کی کششِ ثقل کے خلاف کام کرنا پڑتا ہے۔ یہ کم اثر والی سرگرمی ایک ہی وقت میں جسم کے متعدد پٹھوں کو متحرک کرتی ہے، جس سے دل کو طاقت ملتی ہے اور جسمانی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

وقت کی کمی یا جِم تک رسائی نہ رکھنے والے افراد کے لیے یہ بغیر کسی اخراجات کے گھر، دفتر یا کسی بھی عوامی مقام پر کی جانے والی بہترین سرگرمی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جوڑوں کے مسائل یا نقل و حرکت کی معذوری میں مبتلا افراد کو یہ ورزش اپنے معالج کے مشورے سے کرنی چاہیے۔