کھڈ کوچہ، مستونگ میں فائرنگ و مبینہ ڈرون حملہ، 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

Calender Icon جمعہ 21 اگست 2026

مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ کے علاقے گیت میں باغ میں کام کرنے والے مزدوروں پر مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔دوسرے واقعے میں کھڈ کوچہ کے علاقے گرو کے مقام پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

پہلے واقعے میں پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق مزدور باغ میں کام میں مصروف تھے کہ مبینہ طور پر ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت گل خان مغیری، عمران بروہی، عبیداللہ بروہی اور جہانزیب ابڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد باغات میں مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے تھے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں علی رضا مینگل، نصیب اللہ ابڑو اور خالد حسین شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے واقعے کی مکمل تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور علاقے میں شہریوں، خصوصاً مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کے باعث جاں بحق مزدوروں کے گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ دوسرے واقعے میں کھڈکوچہ کے علاقے گرو کے مقام پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں:24 اگست سےتمام اسکول معمول مطابق کھلیں گے، نئے اوقات کار جاری

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں سڑک کنارے سے ملیں، جنہیں ضروری کارروائی کے لیے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔