حکومتی پالیسی یا اتھارٹی پر تنقید کرنے والوں کو اب نہیں بخشا جائے گا! حکم نامہ جاری

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی(Pakistan Aviation Authority) نے وفاقی حکومت یا اتھارٹی پر تنقید کرنے والے ملازمین اور یونین عہدیداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جاری کردہ نئے حکمنامے کے مطابق سوشل میڈیا یا دیگر عوامی پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جانے والی کسی بھی قسم کی تنقید کو اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز کے تحت بدانتظامی کے زمرے میں رکھا جائے گا۔

حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت یا ایوی ایشن اتھارٹی کے کسی بھی اقدام، پالیسی، عوامی کارروائی یا فیصلے پر الیکٹرانک، پرنٹ، سوشل میڈیا یا کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے تنقید کرنا اب قابلِ گرفت جرم ہوگا۔

ملازمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کے بیانات، الزامات، تبصروں، پوسٹس، آڈیو یا ویڈیو پیغامات کو شائع کرنے، شیئر کرنے، ان کی توثیق کرنے یا انہیں آگے پھیلانے سے مکمل گریز کریں۔

مزیدپڑھیں:انجن میں خرابی، خاتون پائلٹ نے طیارہ ساحل کے بجائے سمندر میں اتار دیا

اس کے علاوہ حکمنامے میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، اتھارٹی یا کسی بھی سرکاری و پبلک سیکٹر ادارے کے پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف توہین آمیز یا دیگر غیر مجاز بیانات پھیلانے سے سختی سے اجتناب کیا جائے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ملازم، یونین ممبر یا عہدیدار کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔