سیرت النبیﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت، عدل، امن کی ابدی روشنی ہے: بلاول بھٹو

Calender Icon بدھ 26 اگست 2026

پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری(Bilawal Bhutto Zardari) نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادتِ باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سیرتِ النبیﷺ پوری انسانیت کے لئے رحمت، عدل، شفقت اور امن کی ابدی روشنی ہے، انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے بالاتر ہے اور انسانیت کی حقیقی فلاح آپﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونے، کمزوروں کا ساتھ دینے، عفو و درگزر سے کام لینے اور ہر انسان کے وقار و حقوق کا احترام کرنے میں ہے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور کردارِ عظیم سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اخوت، رواداری، حسنِ سلوک اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی تجدید کرے۔

مزیدپڑھیں:خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کیلیے رحمت بن کر تشریف لائے، محسن نقوی

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امتِ مسلمہ کو باہمی ہم آہنگی، خوشحالی اور دائمی امن عطا فرمائے اور ہمیں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی انفرادی زندگی اور اجتماعی کردار میں اپنانے کی بصیرت اور توفیق عطا فرمائے۔