عالمی منڈی میں خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں پیر کے روز 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ سعودی عرب میں حوثی حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کے بعد سپلائی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 2.90 ڈالر یا 2.77 فیصد اضافے کے ساتھ 108.06 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 2.27 ڈالر یا 2.27 فیصد بڑھ کر 103.3 ڈالر فی بیرل ہوگئی، کاروبار کے آغاز پر قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے اتوار کو جنوبی صوبے جازان میں حوثی حملے سے گھروں اور ایک مسجد کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو جاری کی، حوثیوں نے پڑوسی صوبے میں سعودی فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی UKMTO کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو میزائل نما پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور عملے کو جہاز خالی کرنا پڑا، ایران نے بھی کہا ہے کہ اس کے ساحل کے قریب ایک ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص ہلاک اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش بھی ہے، یہ پائپ لائن جمعہ کو عراق سے آنے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں بند ہوئی تھی، یہ لائن سعودی عرب کو آبنائے ہرمز سے گریز کرتے ہوئے تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ فراہم کرتی ہے۔
مزیدپڑھیں:آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے مذاکرات ملتوی؛ پیٹرولیم بحران کی نئی لہر
ماہرین کے مطابق پائپ لائن کی بندش سے عالمی تیل کی تقریباً 4 فیصد سپلائی خطرے میں پڑ سکتی ہے، اس کے علاوہ ایران کے اتحادی یمنی حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے داخلی راستے باب المندب میں واقع جزیرہ پریم پر کنٹرول مضبوط کرنے کی کوششوں نے بھی عالمی توانائی کی سپلائی کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ باب المندب حالیہ مہینوں میں عالمی تیل کی تقریباً 4 سے 5 فیصد ترسیل کا اہم راستہ رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 8 فیصد بڑھیں اور جولائی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئیں۔
IG کے مارکیٹ تجزیہ کار ٹونی سائکامور کے مطابق اگر عمان میں ہونے والے مذاکرات سے کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوتی یا سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن جلد بحال نہیں ہوتی تو خام تیل کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے اور مارچ کے اوائل میں ریکارڈ کیے گئے 119.48 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح کی جانب بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔
تاہم عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان پیر کو عمان میں ہونے والی طے شدہ ملاقات ملتوی کردی گئی ہے۔
علاقائی کشیدگی میں اضافے کے باعث عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جبکہ سپلائی میں مزید رکاوٹ کے خدشات نے خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔













پیر 14 ستمبر 2026 

