وزیراعظم کی مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر بزدلانہ ڈرون حملے کی شدید مذمت

Calender Icon بدھ 16 ستمبر 2026

وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پربزدلانہ ڈرون حملےکی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر بزدلانہ ڈرون حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور ناقابل معافی اقدام قرار دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے خلاف اس ناپاک کوشش پر تمام پاکستانی عوام شدید غمزدہ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کا تحفظ ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے اور پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمیشہ اپنے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

مزیدپڑھیں:امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی درخواست دائر

انہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون حملے کی کوشش کو ناکام بنانے پر سعودی شاہی مسلح افواج کی غیر معمولی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم سعودی افواج کی اس جرأت کو سلام پیش کرتی ہے۔
یاد رہے سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا تھا۔

سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ڈرون حوثی ملیشیا کی جانب سے لانچ کیا گیا تھا، جسے مکہ مکرمہ کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل جنوبی سمت میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔

مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش بتائی گئی ہے۔ اس سے قبل 27 جولائی 2017 کو بھی مکہ مکرمہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔

ڈرون کو ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل جنوبی سمت میں روک کر تباہ کیا گیا تاہم حوثیوں نے مکہ پر ڈرون حملے کا الزام بے بنیاد قرار دیا۔