ہوم میچز(Home Matches) کے نشریاتی حقوق 35 کروڑ روپے میں فروخت کر دیے گئے، واحد بڈر سرکاری ٹی وی کامیاب رہا، ریزرو پرائس 60 کروڑ روپے رکھی گئی تھی، حالیہ معاہدے میں 25 میچز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے چند روز قبل ہوم میچز کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا، اس کی ریزرو پرائس 60 کروڑ روپے رکھی گئی، اب واحد بڈر سرکاری ٹی وی نے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔
ان دنوں 3 بڑے براڈکاسٹرز پر کرکٹ بورڈ کی بڑی رقم واجب الادا ہے، گو کہ انہیں بڈنگ سے نہیں روکا گیا لیکن وہ ازخود شریک نہ ہوئے، پاکستان کرکٹ کے بیشتر حقوق حاصل کرنے والی ایک کمپنی نے بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے ساتھ آئرلینڈ اور سری لنکا سے میچز میں شائقین کی کم دلچسپی بھی بڈنگ میں عدم شرکت کی وجہ بنی۔
اس بار پی سی بی نے کنسورشیم کی اجازت بھی نہیں دی تھی، پی ایس ایل میں پہلے ہی اس حوالے سے پابندی لگائی جا چکی ہے۔ حالیہ معاہدے میں 25 میچز، 5 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل اور 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شامل ہیں، رواں ماہ سری لنکا سے تین ٹی ٹوئنٹی ہوں گے، پھر انگلینڈ کی شمولیت سے ٹرائی اینگولر ون ڈے سیریز کے 7 میچز کھیلے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا اگلا دور آج، حتمی فیصلے متوقع
آئندہ ماہ سری لنکا سے 2 ٹیسٹ ہوں گے، جنوری 2027 میں آئرلینڈ سے 3 ٹی ٹوئنٹی شیڈول کا حصہ ہیں، پھر زمبابوے کی شمولیت سے ٹرائی ایبنگولر ون ڈے سیریز کے 7 میچز ہوں گے۔
فروری میں آئرش ٹیم سے واحد ٹیسٹ ہوگا، فروری، مارچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ بعض رپورٹس کے مطابق زمبابوے نے کمرشل وجوہات کی بنا پر دورے سے انکار کر دیا ہے، اس لیے ٹرائی اینگولر سیریز نہیں ہو سکے گی، اسی طرح آئرلینڈ سے واحد ٹیسٹ بھی نہیں ہوگا، البتہ پی سی بی کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔













ہفتہ 3 اکتوبر 2026 

