حکومت کے پاس عمران خان کے لیے ڈیل ہے نہ ہی کوئی ڈھیل، بیک ڈور مذاکرات کی باتیں محض خواہشات ہیں، طارق فضل چوہدری

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (PTI ) کے بانی عمران خان کے لیے راستے صرف عدالتوں سے کھل سکتے ہیں، حکومت کے پاس ان کے لیے کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کوئی ڈھیل، بیک ڈور مذاکرات کی باتیں محض خواہشات ہیں۔

نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام معاملات عدالتوں سے ہی حل ہونے ہیں، ایک طرف وہ خود کو ’آئرن مین‘ ظاہر کرتے ہیں اور دوسری طرف حکومت سے رابطوں کی بات کرتے ہیں جو ان کے اپنے مؤقف سے متضاد ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اس وقت کسی قسم کے کوئی بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطے نہیں ہو رہے اور اس حوالے سے کی جانے والی باتیں محض خواہشات پر مبنی ہیں۔

تاہم نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے حکومت اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے رابطے موجود ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں رکنے کی کچھ وجوہات تھیں اور بطور وزیر داخلہ محسن نقوی ہی ان ملاقاتوں کا فیصلہ کرتے ہیں اور کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اسٹیبلشمنٹ کی نمائندگی نہیں کرتے، اور اگر وہ کرتے بھی ہیں تو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھے ہیں اور الگ الگ نہیں ہیں، جبکہ محسن نقوی کوئی بھی بات وزیراعظم کے علم میں لائے بغیر نہیں کرتے۔

مزیدپڑھیں:امیتابھ بچن کا ممبئی میں واقع بنگلہ ’جلسہ‘ خاندانی تنازعے کا شکار، بھابھی نے جائیداد منتقلی عدالت میں چیلنج کردی

بانی پی ٹی آئی کی صحت اور اسپتال کے دورے
عمران خان کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انکشاف کیا کہ عمران خان کو اب تک 8 بار پمز اسپتال لایا جا چکا ہے اور ہر بار انہیں پی ٹی آئی کی درخواست پر نہیں بلکہ ڈاکٹروں کی تجویز پر اسپتال لایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں 6 سے 7 انجکشن لگ چکے ہیں، کوئی جیل میں ہو یا باہر، بڑھتی عمر کے ساتھ نظر کمزور ہونا ایک فطری عمل ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کو بھی اگر ضرورت پیش آئی تو انہیں اسپتال میں رکھا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری نے مشورہ دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا طبی ماہرین بننے کے بجائے اپنے قانونی کام پر توجہ دیں تو کوئی فائدہ مند صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام پر مؤقف
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر اتفاق کرتی ہیں تو مسلم لیگ ن بھی صوبے بنانے پر اتفاق کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ختم کر کے آگے بڑھنا چاہیے اور پی ٹی آئی تو خود ایک عرصے سے یہ کہہ رہی ہے کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہییں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے حکومت کے ساتھ پس پردہ رابطوں اور بانی پی ٹی آئی کی صحت و ملاقاتوں پر پابندی کے حوالے سے مختلف بیانات سامنے آ رہے تھے، جس پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے حکومتی پالیسی دوٹوک انداز میں واضح کی ہے۔