دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، وزیراعظم

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 31 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

مزیدپڑھیں:خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔