چترال اور دیر بالا میں بارش و برفباری، کمراٹ روڈ لینڈ سلائیڈنگ سے بند

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

پشاور: لوئر اور اپر چترال میں 24 گھنٹے مسلسل بارش(Rain) اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد جمعہ کی صبح موسم میں وقفہ آگیا، تاہم بارش اور برفباری تھمنے کے بعد سرد اور تیز ہواؤں نے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا۔
اپر چترال کے تورکہو، تریچ، کھوت، اجنو، ریچ، بروغل، یارخون اور شندور میں برفباری ہوئی، جبکہ لوئر چترال کے گرم چشمہ، کریم آباد، کالاش ویلیز کے بالائی دیہات، لواری ٹنل، گولین اور مڈک لشٹ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لواری ٹنل پر برفباری کے باوجود ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔

چترال شہر، آیون، بروز اور دروش سمیت نشیبی علاقوں میں موسم جزوی طور پر صاف ہوگیا۔ بارش کے بعد پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ چترال شہر، کجو، سنگور، بروز، کیسو، خیرآباد، دروش اور سویر میں گندم کی بوائی بھی شروع کر دی گئی۔

مزیدپڑھیں:ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی و دیگر ملزمان کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد

دوسری جانب جلانے کی لکڑی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ چترال شہر میں جلانے کی لکڑی 1300 سے 1500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کے مطابق سلنڈر گیس بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہے۔

ادھر دیر بالا کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی شہری آبادیوں میں بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

وادی کمراٹ روڈ پر چیراگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سڑک کی بندش سے سیاح اور مسافر پھنس گئے جبکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔