جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی لطف الرحمان کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں بھی بڑے تضادات سامنے آگئے۔ 2021 سے 2026 کے دوران لطف الرحمان کے اثاثوں میں 4 کروڑ 32 لاکھ روپے کا غیر معمولی اضافہ کیسے ہوا؟ مختلف مائننگ اورفوڈ کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت صفر ظاہر کیے جانے پر بھی سوالات اٹھ گئے۔
مولانا فضل الرحمان کے بھائی لطف الرحمان کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں تضادات اور مبہم اندراجات کی طویل فہرست سامنے آگئی۔ 2021 سے 2026 کے دوران مجموعی اثاثے 5 کروڑ 38 لاکھ روپے سے بڑھ کر 9 کروڑ 70 لاکھ روپے ہو گئے، تاہم 4 کروڑ 32 لاکھ روپے کے اس بڑے اضافے کی واضح منی ٹریل موجود نہیں۔
حیران کن طور پر 2026 میں ظاہر کردہ اثاثوں میں سے 3 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد صرف کیش میں دکھائے گئے۔ 2023 میں 93 لاکھ 28 ہزار اور 2024 میں 96 لاکھ 18 ہزار روپے کی فارن ریمیٹنس کا ذکر تو ہے مگر رقم بھیجنے والے ملک، شخص یا بینکنگ ٹرانزیکشنز کا کوئی ریکارڈ شامل نہیں۔
لطف الرحمان کے اثاثوں میں 50 تولہ سونا 2021 سے 2026 تک مسلسل صرف 1 لاکھ 25 ہزار روپے کا ظاہر کیا گیا۔ 342 کنال زرعی اراضی کی مالیت بھی چھ سال سے 80 لاکھ روپے پر منجمد۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 میں زیرِ تعمیر مکان کی لاگت 2023 میں 1 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ظاہر کی گئی، لیکن اس کے بعد 2026 تک تعمیراتی لاگت میں کوئی اضافہ نہیں دکھایا گیا۔
2022 سے 2024 تک کروڑوں کی زرعی آمدن ظاہر کرنے کے بعد 2025 اور 2026 میں زرعی آمدن کا خانہ بالکل خالی چھوڑ دیا گیا، جبکہ 2026 میں قابلِ ٹیکس آمدن 42 لاکھ 66 ہزار کے مقابلے میں ذاتی اخراجات 48 لاکھ 55 ہزار روپے ظاہر کیے گئے
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز
مولانا فضل الرحمان کے بھائی کے ایک مائننگ کمپنی میں 55 فیصد شیئرز ہیں مگر مالیت صفر بتائی گئی۔ لیز پر حاصل کی گئی 500 کنال زرعی اراضی کی مالیت بھی صفر جبکہ منرلز کمپنی میں 34 فیصد شیئرز صرف 10 لاکھ 20 ہزار روپے کے ظاہر کیے گئے۔ کیا ٹیکس حکام ظاہر کردہ اثاثوں، آمدن، بینک بیلنس اور بیرون ملک سے موصول ہونے والی رقوم کا مکمل آڈٹ کریں گے؟












اتوار 15 نومبر 2026 