چین کے صوبے ژی جیانگ کے ایک گاؤں میں پانچ بہن بھائیوں نے اپنی 86 سالہ معمر والدہ کی محبت اور تحفظ کے پیشِ نظر پہاڑی کی چوٹی پر واقع آبائی گھر تک جانے کے لیے 430 زینوں پر مشتمل ایک محفوظ گزرگاہ تعمیر کر دی ہے، کیونکہ ان کی والدہ نے شہری زندگی اپنانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صوبے ژی جیانگ کے گاؤں یاننان کی رہائشی 86 سالہ معمر خاتون کے تین بیٹوں اور دو بیٹیوں نے یہ مثالی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ خاتون کی سب سے چھوٹی 58 سالہ بیٹی ہوانگ زاؤلین نے بتایا کہ ان تمام بہن بھائیوں کی پیدائش اور پرورش گاؤں کی پہاڑی کی چوٹی پر واقع آبائی گھر میں ہوئی اور والد کے انتقال کو دہائیاں گزر چکی ہیں۔ بچوں نے کئی بار اپنی والدہ کو اپنے ساتھ مختلف قصبوں اور شہروں میں لے جانے کی کوشش کی، لیکن پوری زندگی پہاڑی پر گزارنے والی ماں کو شہری ماحول راس نہ آیا اور وہ ہر بار واپس اپنے آبائی گھر لوٹ آتیں۔ چونکہ گھر تک جانے والا پرانا راستہ انتہائی خستہ حال ہو چکا تھا اور وہاں اکثر زہریلے سانپ بھی دکھائی دیتے تھے، اس لیے تمام بہن بھائی اپنی والدہ کی سلامتی کے حوالے سے شدید فکرمند رہتے تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہوانگ زاؤلین نے اپنی والدہ کے لیے نیا اور محفوظ راستہ بنانے کی تجویز پیش کی جس پر پہلے ان کی بہن اور بعد ازاں تینوں بھائی بھی متفق ہو گئے۔ اس خاندان نے اگست 2026 میں پہاڑی کی جنوبی سمت میں برسوں سے غیر استعمال شدہ راستے پر کام شروع کیا اور باہر سے مزدور بلانے کے بجائے ذاتی سرمائے اور اپنی محنت سے تعمیراتی کام مکمل کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ اس منصوبے میں ہوانگ زاؤلین نے سامان کی خریداری اور روزانہ جائزے کی ذمہ داری سنبھالی، بھائیوں اور دو کزنز نے تعمیر کا کام کیا، بہن اور بہنوئی نے کھانا پکانے اور اوزاروں کی دیکھ بھال کی جبکہ پانچوں بہن بھائیوں کے بچوں نے سامان کی منتقلی اور ملبے کی صفائی میں ہاتھ بٹایا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اکتوبر 2026 میں مکمل ہونے والا یہ راستہ محض سیمنٹ سے نہیں بنایا گیا بلکہ پہاڑی چٹانوں کو تراش کر اور ان میں کنکریٹ شامل کر کے مضبوط زینے تیار کیے گئے ہیں۔ ہوانگ زاؤلین کا کہنا تھا کہ سب سے کٹھن مرحلہ پہاڑی کی انتہائی بلندی پر زینے بنانا تھا جہاں خاندان کے افراد نے رسیوں سے لٹک کر کام مکمل کیا، جبکہ تعمیراتی سامان اوپر پہنچانے کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لینا پڑا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس شدید جسمانی مشقت اور دھوپ میں مسلسل کام کرنے کے دوران ان کے اپنے وزن میں بھی 3 کلوگرام کمی واقع ہوئی اور رنگت بھی متاثر ہوئی، تاہم والدہ کے لیے ایک محفوظ راستہ بن جانے پر پورا خاندان بے حد خوش ہے۔












پیر 16 نومبر 2026 