ابرار احمد کو خریدنے والی بھارتی اونر کی فرنچائز ’سن رائسرز لیڈز‘ کا ایکس اکاؤنٹ معطل

Calender Icon جمعہ 13 مارچ 2026

انگلینڈ کی معروف کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ کی پلیئرز نیلامی میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو خریدنے والی بھارتی فرنچائز سن رائزرز لیڈز کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سن رائزرز لیڈز نے جمعرات 12 مارچ کو دی ہنڈرڈ لیگ کی نیلامی میں پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد کو 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ پاکستانی روپے) میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔ اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی فرنچائز کا ایکس اکاؤنٹ معطل ہو گیا۔

سن رائزرز لیڈز دراصل بھارتی میڈیا گروپ سن گروپ کی ملکیت ہے جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کا بھی مالک ہے۔ اس گروپ کی سربراہ معروف بھارتی بزنس مین کلانِتھی مارن ہیں جبکہ فرنچائز کی سی ای او کاویا مارن نیلامی کے دوران لندن میں موجود تھیں۔

نیلامی کے دوران کاویا مارن کے ساتھ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری بھی موجود تھے، جہاں سن رائزرز لیڈز نے ٹرینٹ راکٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ابرار احمد کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ ٹیم کی قیادت انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی کپتان ہیری بروک کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس وقت اگر کوئی صارف سن رائزرز لیڈز کا ایکس اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش کرے تو اسے پیغام ملتا ہے، جس کا مفہوم ہے، ”اکاؤنٹ سسپینڈڈ۔ ایکس اُن اکاؤنٹس کو سسپینڈ کرتا ہے جو ایکس کے رولز کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔“

تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اکاؤنٹ کس وجہ سے معطل کیا گیا۔

ابرار احمد کی شمولیت پر سوشل میڈیا ردعمل
ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کرنے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر فرنچائز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض بھارتی صارفین نے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جبکہ #ShameOnSRH اور #BoycottSunrisers جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔

تنقید کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ 2025 کے دوران سوشل میڈیا پر ابرار احمد کی چند پرانی پوسٹس سامنے آئیں جن کے بارے میں بعض بھارتی صارفین کا دعویٰ تھا کہ ان میں بھارتی فوج سے متعلق طنزیہ مواد موجود تھا۔

کرکٹ حلقوں میں یہ معاملہ اس لیے بھی غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ کئی برسوں بعد ایسا ہوا ہے کہ آئی پی ایل سے منسلک کسی فرنچائز نے پاکستانی کھلاڑی کو سائن کیا ہو۔ اس سے پہلے قیاس آرائیاں تھیں کہ دی ہنڈرڈ لیگ کی بھارتی ملکیتی ٹیمیں ممکنہ طور پر پاکستانی کرکٹرز کو منتخب نہیں کریں گی۔

یاد رہے کہ دی ہنڈرڈ لیگ 2026 کی پلیئرز نیلامی میں پاکستانی کھلاڑیوں میں سے اب تک ابرار احمد اور عثمان طارق کو ہی ٹیموں نے خریدا ہے۔ برمنگھم فینکس نے عثمان طارق کو 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔