پی ایس ایل11، دفاعی چیمپئن لاہور کا فاتحانہ آغاز، حیدرآباد کو شکست

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کا ساتھ 30 رنز کے ساتھ محمد نعیم نے دیا۔

مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ نے ناقابلِ شکست 40 رنز بنائے۔ سکندر رضا 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حیدرآباد کینگزمین کی جانب سے میریڈتھ اور حسان خان نے 2، 2 جبکہ محمد علی نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین تر نوالہ ثابت ہوئی اور لاہور کی تباہ کن بولنگ کے سامنے مقررہ 20 اوورز 130 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

حیدرآباد کی جانب سے کپتان مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے۔ صائم ایوب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسان خان نے 14 اور حماد اعظم نے 10 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی لمحات میں رائیلی میریڈتھ ناٹ آؤٹ 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

قلندرز کی جانب سے عبید شاہ، سکندر رضا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی اور متفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

کرکٹ کے دیوانے اپنے پسندیدہ ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں لیکن اس بار میچز بس ٹیلی ویژن اور لائیو اسٹریمنگ پر ہی دیکھے جارہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 11 کے میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی بحران سے بچنے کےلیے حکومتی فیصلے کے باعث گراؤنڈ میں شائقین موجود نہیں ہیں۔