پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے آغاز کے ساتھ ہی ایک نیا اور دلچسپ قانون متعارف کرا دیا گیا ہے، جس نے ٹورنامنٹ میں حکمت عملی کے انداز کو بدل دیا ہے۔
افتتاحی میچ میں ایک منفرد منظر دیکھنے کو ملا جب شاہین شاہ آفریدی اور مارنس لبوشین ٹاس کے موقع پر دو، دو ٹیم شیٹس کے ساتھ میدان میں آئے۔ یہ سب نئے قوانین کے تحت ممکن ہوا، جس کے مطابق ہر ٹیم ٹاس سے پہلے دو مختلف کمبی نیشن جمع کرا سکتی ہے۔
ٹاس کے بعد کپتان ان میں سے ایک حتمی پلیئنگ الیون کا انتخاب کرتا ہے، جس کے بعد ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کے لیے مخالف کپتان کی اجازت ضروری ہوتی ہے۔
یہ نیا اصول خاص طور پر رات کے میچز کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے، جہاں اوس (شبنم) کا عنصر میچ پر اثر انداز ہوتا ہے۔ دوسری اننگز میں گیند گیلی ہونے سے اسپنرز کو مشکلات پیش آتی ہیں، جس سے ٹیموں کی حکمت عملی تبدیل ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس قانون سے ٹیموں کو بہتر توازن بنانے کا موقع ملے گا۔ مثال کے طور پر، پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم اضافی فاسٹ بولر شامل کر سکتی ہے، جبکہ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم اپنی بیٹنگ لائن کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
تاہم سیزن کے پہلے میچ میں موسم کے باعث اوس کا خاص اثر دیکھنے میں نہیں آیا، لیکن آئندہ میچز میں اس نئے قانون کے اثرات مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔
پی ایس ایل میں نئے دور کا آغاز، قوانین میں اہم تبدیلی
جمعہ 27 مارچ 2026












