آئی پی ایل کے برطانوی براڈکاسٹ انجینیئرجان ولیم لینگفورڈ کی ممبئی کے ہوٹل میں پراسرار موت

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

نئی دلی (ویب ڈیسک)انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل)2026 میں کام کرنے والے ایک 76 سالہ برطانوی براڈکاسٹ انجینیئر کی ممبئی کے ایک ہوٹل میں پراسرار موت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق برطانوی براڈکاسٹ انجینیئر جان ولیم لینگفورڈ منگل کے روز اپنے ہوٹل کے کمرے میں بے ہوشی کی حالت میں ملے، جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ انہیں ممبئی اسپتال لے گئی، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق لینگفورڈ بی سی سی آئی کے ساتھ کام کر رہے تھے اور آئی پی ایل میچز کی کوریج کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لینگفورڈ 24 مارچ سے ممبئی کے ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں مقیم تھے۔ وہ اتوار کو ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ دیکھنے کے بعد اپنے کمرے میں واپس آئے تھے۔

تاہم جب ہوٹل انتظامیہ نے ان کے کمرے میں فون کیا تو کوئی جواب نہ ملا۔ عملے نے دروازہ کھٹکھٹایا مگر ردِعمل نہ آنے پر ماسٹر کی کے ذریعے کمرہ کھولا گیا، جہاں لینگفورڈ فرش پر پڑے ملے۔

ممبئی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کوئی مشتبہ بات سامنے نہیں آئی۔ تاہم غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔