کانگو میں ایبولا کی نئی وبا، درجنوں ہلاکتیں رپورٹ

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

جمہوریہ کانگو (Republic of the Congo) کے مشرقی صوبے ایتوری میں ایبولا وائرس کی نئی وبا سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 80 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق کانگو کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ مختلف علاقوں میں کیے گئے ٹیسٹس میں ایبولا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 246 مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر ایک نرس میں شدید علامات ظاہر ہوئیں جن میں بخار، قے اور خون بہنا شامل تھا، بعد ازاں وائرس کے پھیلاؤ کی تصدیق ہوئی۔

مزید پڑھیں؛وزیر داخلہ محسن نقوی دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

کانگو حکومت نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر فعال کر دیا ہے اور نگرانی، ٹیسٹنگ اور رسپانس ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔

افریقی ادارہ برائے بیماریوں کی روک تھام کے مطابق وبا کی تصدیق ہو چکی ہے اور علاقائی سطح پر ہنگامی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ وائرس ایبولا کی ایک مختلف قسم ہے، جس کے باعث علاج اور ویکسین کے حوالے سے اضافی چیلنجز درپیش ہو سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی امدادی فنڈ جاری کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھنے اور متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔