چینی صدر شی جن پنگ کا شمالی کوریا کا دورہ، کم جونگ اُن کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

Calender Icon پیر 8 جون 2026

چینی صدر شی جن پنگ (Xi Jinping) نے اپنے دورہ شمالی کوریا کے دوران بیجنگ کی جانب سے پیانگ یانگ کے لیے حمایت کو “غیر متزلزل” قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی تعلقات مزید مضبوط کیے جائیں گے۔

چینی میڈیا کے مطابق 2019 کے بعد یہ شی جن پنگ کا شمالی کوریا کا پہلا دورہ ہے۔ ان کی آمد پر پیانگ یانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور ان کی اہلیہ ری سول جو نے ان کا استقبال کیا، جبکہ چینی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ پینگ لی یوان بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت شمالی کوریا کے ساتھ تاریخی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور اس پالیسی میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔

مزید پڑھیں؛چینی صدر کا پاکستان کے کردار اور دوستی پر اعتماد کا اظہار

چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خارجہ امور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دفاعی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور اعلیٰ سطحی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب شی جن پنگ نے حال ہی میں بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، جس کے باعث اس دورے کو علاقائی اور عالمی سیاست کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔