وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے نئے پے اسکیلز اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

Calender Icon منگل 21 جولائی 2026

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نظرثانی شدہ بیسک پے اسکیلز 2026 نافذ کر دیے ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق نئے پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق نئے پے اسکیلز میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2025 کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد تمام موجودہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نئے پے اسکیلز کے تحت پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔

آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کی سالانہ انکریمنٹ کا موجودہ نظام برقرار رہے گا اور ہر سال یکم دسمبر کو قواعد و ضوابط کے مطابق انکریمنٹ دی جائے گی۔

وزارت خزانہ نے مزید بتایا کہ یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور کیے جائیں گے، جبکہ وفاقی حکومت کے سول ملازمین، دفاعی بجٹ سے تنخواہ حاصل کرنے والے سویلین ملازمین، کنٹریکٹ پر تعینات اہلکاروں اور دیگر متعلقہ ملازمین کو  بیسک پے اسکیل 2026 کی رننگ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ نیا الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں ہوگا، جبکہ اس کے اطلاق سے متعلق دیگر شرائط بھی آفس میمورنڈم میں درج کر دی گئی ہیں۔

وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین سے 30 روز کے اندر تحریری اور ناقابل واپسی آپشن حاصل کریں کہ وہ بیسک پے اسکیل 2022 کے تحت تنخواہ لینا چاہتے ہیں یا نئے بیسک پے اسکیل 2026 کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔

میمورنڈم کے مطابق مقررہ مدت میں آپشن جمع نہ کرانے والے ملازمین کو خودکار طور پر بیسک پے اسکیل 2026 اختیار کرنے والا تصور کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران سامنے آنے والی ممکنہ بے ضابطگیوں اور اعتراضات کے ازالے کے لیے ایناملی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو مختلف محکموں سے موصول ہونے والے معاملات کا جائزہ لے کر مناسب سفارشات مرتب کرے گی۔