پاکستانی وفداسحاق ڈار کے تحت ایس سی او اجلاس میں شرکت کرے گا، دفتر خارجہ

Calender Icon پیر 19 اکتوبر 2026

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 اور 20 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے، جبکہ ایران کی نمائندگی نائب صدر اور بھارت کی نمائندگی وزیر خارجہ کریں گے۔

اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، مالیاتی، تجارتی اور سماجی و اقتصادی تعاون، علاقائی رابطہ کاری اور تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کی تاجک صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شیڈول
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، اس کے علاوہ وہ ایس سی او کے رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اگست 2027 میں ایس سی او کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے اسلام آباد میں تیاریاں جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یکم ستمبر 2026 کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا تھا۔ پاکستان کی صدارت کا موضوع ”وژن“ کو عملی اقدامات میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ، پیوٹن اور شی جن پنگ ملاقات کی خبریں: کب اور کیوں ملنے جا رہے ہیں؟

پاکستان مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، غربت میں کمی، قدرتی آفات سے نمٹنے، صحت، ثقافت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان نے مصنوعی ذہانت کے خودمختار بنیادی ڈھانچے اور اس کے انتظام و انصرام کے لیے ایس سی او کا فریم ورک بھی تجویز کیا ہے۔