ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی اور بے حسی کے باعث سندھ بھر میں انتظامی، مالی اور سماجی مسائل سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ گزشتہ دس برس سے سندھ کی وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں مگر انتظامی اور مالی امور سرانجام دینے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ 18 سال سے مسلسل اور نصف صدی میں مجموعی طور پر 30 سال پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی مبینہ نااہلی اور بے حسی کے نتیجے میں آج اندرونِ سندھ کے 48 فیصد بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما ان کی عمر کے مطابق نہیں ہو رہی، جبکہ اندرونِ سندھ کے بیشتر اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کا تناسب 44 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ اعلامیے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اپریل 2026 تک صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث 6 ہزار بچے ایچ آئی وی ایڈز جیسے موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ کراچی کی پانی کی لائنوں سے پانی چوری کر کے شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے فروخت کیا جا رہا ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک کو روکنے میں ناکامی پر پیپلز پارٹی حواس کھو بیٹھی ہے، کیونکہ اسے نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل سے نہ صرف سالانہ سوا دو ہزار ارب روپے کے وسائل ہاتھ سے نکل جانے کا ڈر ہے بلکہ وفاق میں آئندہ حکومتی باری نہ لگنے کا خوف بھی لاحق ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے واضح کیا کہ مصطفیٰ کمال کے خلاف کی جانے والی کوئی بھی مبینہ سازش یا منفی پروپیگنڈا انہیں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سے دستبردار نہیں کر سکتا۔