2025 سنہرا سال، وزیراعظم کی نئے سال پر ملکی خوشحالی و ترقی کی دعا

Calender Icon جمعرات 1 جنوری 2026

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سالِ نو کا پیغام جاری کرتے ہوئے تمام اہلیانِ وطن کو نئے سال کی مبارک دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ نئے سال کا سورج خوشیوں، خوشحالی اور اللہ کے فضل و کرم کے ساتھ طلوع ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت اور قومی ہم آہنگی جیسی اقدار کو مزید مضبوط کرے اور معاشی آسودگی و سماجی خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کا سال دفاعِ وطن کے اعتبار سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، جب مسلح افواج اور قوم نے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے معرکۂ حق میں تاریخ رقم کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ایسا ناقابلِ تسخیر دفاع کیا جو دنیا کے لیے مثالی کامیابی اور عالمی جنگجوؤں کے لیے نصابی سطح پر سبق آموز مقابلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی دلیر، بہادر اور باصلاحیت افواج کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع میں ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔

وزیراعظم نے گزشتہ برس دہشت گردی کے حملوں میں مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اعشاریوں میں بہتری حکومت کی درست اور مثبت سمت کی عکاس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس شروع کی گئی انقلابی معاشی اصلاحات اور اقدامات کو نئے سال میں عزمِ نو کے ساتھ مزید تیز رفتاری اور بہتر انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کی معاشی خوشحالی کے لیے مؤثر عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر دعا ہے کہ دنیا بھر میں انسانیت کی عزت و تکریم، تحفظ، امن و سلامتی، باہمی ہم آہنگی، رواداری اور بقائے باہمی جیسی اقدار کے فروغ کے لیے تمام اقوام اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی مخلصانہ کاوشوں کو جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دہشت گردی، فرقہ واریت، جرائم اور معاشرتی تقسیم جیسے شر سے محفوظ رکھے اور آئندہ برس پاکستان معاشرتی و سیاسی ہم آہنگی، خوشحالی اور استحکام کا گہوارہ بنے۔