نیب کراچی کی کارروائی: ماریشس میں 4.5 ملین ڈالر کے بینک اکاؤنٹس منجمد

Calender Icon ہفتہ 6 جون 2026

بین الاقوامی منی لانڈرنگ (International money laundering) کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نیب کراچی نے ماریشس میں موجود غیر ملکی بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4.5 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

یہ کارروائی اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت احتساب عدالت کراچی کی اجازت سے عمل میں لائی گئی۔ نیب کے مطابق احمد علی ریاض اور مبشرہ علی ملک کے ماریشس کے سلور بینک میں موجود دو اکاؤنٹس کو ضبط کیا گیا ہے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مبینہ طور پر بحریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ سے رقوم غیر قانونی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق یہ رقوم پہلے متحدہ عرب امارات منتقل کی گئیں اور بعد ازاں ماریشس کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئیں۔

مزید پڑھیں؛ایرانی منجمد فنڈز کے معاملے میں نئی پیش رفت، مذاکراتی ڈیڈلاک برقرار

نیب حکام کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس میں موجود رقوم کی بازیابی کے لیے قانونی اور سفارتی سطح پر کارروائی جاری ہے، جس میں وزارت خارجہ کے ذریعے متعلقہ اداروں سے رابطہ بھی شامل ہے۔

ادارے کے مطابق یہ اقدام بیرون ملک موجود مبینہ غیر قانونی اثاثوں کی واپسی کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، اور قانونی کارروائی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔