’رونالڈو کبھی میسی نہیں بن سکتے، کپتانی سے استعفیٰ دے کر باہر بیٹھیں‘

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

سابق انگلش فٹبالر نے خراب کارکردگی پر کرسٹیانو رونالڈو(Christiano Ronaldo) سے استعفیٰ دے کر باہر بیٹھنے کا مطالبہ کردیا۔

سابق انگلش فٹبالر جے بوتھروئیڈ نے کرسٹیانو رونالڈو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی میسی نہیں بن سکتے انہیں اب کپتانی چھوڑ کر باہر بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ رونالڈو کو اب ابتدائی لائن اپ کا حصہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں بطور سبسٹیٹیوٹ آخری لمحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔

جے بوتھروئیڈ کے مطابق رونالڈو ٹیم کے لیے فائدے مند نہیں بلکہ نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں۔


پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں رونالڈو کو میدان سے باہر نکالنا درست فیصلہ نہیں ہوتا جب ٹیم کو گول کی ضرورت ہو۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

چھٹی مرتبہ میگا ایونٹ میں حصہ لینے والے رونالڈو پہلے میچ میں توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ کانگو کے خلاف میچ کے بعد رونالڈو نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کو 1-1 کے ڈرا کی توقع نہیں تھی۔

مزیدپڑھیں:ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

ورلڈ کپ میں لیونل میسی، کیلین ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے ابتدائی میچوں میں گول کر کے اپنی اپنی ٹیموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا لیکن رونالڈو گول کرنے میں ناکام رہے۔

پرتگال کے استار فٹبالر رونالڈو، میسی کے ساتھ چھ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ تاہم ارجنٹینا کے کپتان میسی کی ہیٹ ٹرک کے ایک روز بعد میچ میں رونالڈو کئی مواقع ضائع کر بیٹھے۔

واضح رہے کہ پرتگال کو اب ازبکستان کے خلاف میچ میں لازمی فتح درکار ہے جس کے بعد ہی رونالڈو کی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچ سکے گی۔