اسپین کے ابھرتے ہوئے اسٹار فٹبالر لامین یمال (Lamine Yamal) جب بھی گول اسکور کرتے ہیں تو جشن مناتے ہوئے ہاتھوں سے “304” کا مخصوص اشارہ بناتے ہیں۔ یہ منفرد انداز گزشتہ کچھ عرصے سے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اور بہت سے مداح اس کے پس منظر کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کرتے رہے ہیں۔
ابتدا میں کئی لوگوں کا خیال تھا کہ یہ اشارہ کسی ذاتی پیغام، خفیہ علامت یا خاص یادگار لمحے کی نمائندگی کرتا ہے، تاہم بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی حقیقت کچھ اور ہے۔
رپورٹس کے مطابق “304” دراصل اسپین کے شہر ماتارو (Mataró) کے علاقے روکافوندا (Rocafonda) کے پوسٹل کوڈ 08304 کے آخری تین ہندسے ہیں۔ یہی وہ علاقہ ہے جہاں لامین یمال نے اپنا بچپن گزارا، ابتدائی زندگی بسر کی اور فٹبال کا سفر شروع کیا۔
لامین یمال ہر گول کے بعد یہ اشارہ بنا کر اپنے آبائی علاقے اور وہاں کے رہائشیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ نوجوان فٹبالر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی کی بنیاد بننے والی جگہ کو کبھی نہیں بھول سکتے اور ہر بڑی کامیابی کے موقع پر اپنے علاقے کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
مزیدپڑھیں:حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا
یامال کی اپنے علاقے سے محبت صرف گول سیلیبریشن تک محدود نہیں۔ ان کے فٹبال بوٹس پر بھی “304” نمایاں طور پر درج ہوتا ہے، تاکہ وہ ہر میچ میں اپنی جڑوں کو اپنے ساتھ رکھ سکیں۔
اس کے علاوہ ان کے جوتوں پر ان کے والد اور والدہ کے آبائی ممالک مراکش (Morocco) اور استوائی گنی (Equatorial Guinea) کے قومی پرچم بھی بنے ہوتے ہیں، جو ان کی خاندانی شناخت، ثقافتی ورثے اور مختلف پس منظر پر فخر کی علامت ہیں۔
فٹبال مبصرین کے مطابق لامین یمال کا “304” جشن محض ایک گول سیلیبریشن نہیں بلکہ اپنی شناخت، اپنے آبائی علاقے اور اپنی جڑوں سے مضبوط وابستگی کا اظہار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج “304” نہ صرف روکافوندا بلکہ لامین یمال کی شخصیت اور ان کے سفر کی ایک منفرد پہچان بن چکا ہے۔













جمعرات 23 جولائی 2026 

