شاہین آفریدی اور نسیم شاہ سمیت فاسٹ بولر کو سلیکٹڈ کرکٹ کھیلنی چاہیے: عثمان شنواری

Calender Icon ہفتہ 8 اگست 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ سمیت فاسٹ بولر کو سلیکٹڈ کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان شنواری نے کہا کہ انگلینڈ میں سیریز ہمارے لیے ہمیشہ بہت مشکل رہی ہے جس طرح کی فارم اور مومینٹم لے کر جارہے ہیں امید ہے اچھی سیریز ہوگی، ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم نے مایوس کیا، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم نے دوسرے میچ میں بہترین کم بیک کیا، ٹیم میں جتنا تسلسل رہے گا اتنے اچھے نتائج بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنانے کا فیصلہ اچھا ہے، وہ ٹیسٹ میں ٹیم کو لیڈ کرسکتے ہیں۔

عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ بڑے بولر ہیں، انہیں کوئی مشورہ نہیں دے سکتا، فاسٹ بولنگ میں آپ کی فٹنس کرسٹیانو رونالڈو والی ہی کیوں نہ ہو، مسلسل بولنگ آپ کی سپیڈ کم کر دیتی ہے، اتنا کہوں گا کہ سلیکٹڈ کرکٹ کھیلیں، ہماری ٹیم میں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے کہ ہم کینیا، زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف بھی ایک ہی ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں، سلیکٹڈ کرکٹ کھیلیں گے تو اسپیڈ بھی رہے گی، کیرئیر رہے گا اور انجریز بھی کم ہوں گی، ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے فاسٹ بولنگ کو سپیڈ کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔

مزیدپڑھیں:پرائیویٹ حج کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ، بکنگ وزارت مذہبی امور کے توسط سے ہوگی

انہوں نے مزید کہا کہ عباس نے پچھلے میچ میں 125 کی اسپیڈ سے 8 آؤٹ کیے، اسی پیس کے چکر میں ہم نے محمد عباس کے بہترین 3 سال ضائع کیے، پیس ضروری ہے لیکن اتنا بھی نہیں کہ جتنا ہم نے اس کو سر درد بنا دیا ہے، احسان اللہ نے گِلا کیا ہے مگر اسے ڈسپلن کا مسئلہ ہے اس پر کام کرنا چاہیے۔

کرکٹر کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کا کوئی ارادہ نہیں، کوچز کو بھی پلیئرز کر طرح ایک اسٹرکچر کے ذریعے آنا چاہیے، ہمارے یہاں بہت جلد جیک پاٹ لگ جاتا ہے بس سیدھا پاکستان ٹیم کا کوچ بن جاتے ہیں۔