کراچی کینیڈا پلٹ میاں بیوی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا، پولیس حکام

Calender Icon جمعرات 15 اکتوبر 2026

کراچی میں کینیڈا سے واپس آنے والے ضعیف العمر میاں بیوی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔نارتھ کراچی بی اماں پارک کےقریب گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئیں ۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق مقتولین کی شناخت یامین اور نفیسہ اختر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دونوں کی عمریں 60 سے 70 سال کے درمیان تھیں۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق مقتول میاں بیوی تقریباً 15 روز قبل کینیڈا سے پاکستان واپس آئے تھے، ابتدائی معلومات کے مطابق ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں، جو تینوں کینیڈا میں مقیم ہیں۔

لواحقین کے بیان کے مطابق مقتول یامین 1996 میں کینیڈا منتقل ہوئے تھے اور شپ انجینئر کے طور پر کام کرتے تھے۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ جس مکان سے میاں بیوی کی لاشیں ملی ہیں، وہ ان کی ذاتی ملکیت تھا۔ مکان کے گراؤنڈ فلور پر دو دکانیں بھی قائم ہیں، تاہم دونوں دکانیں خالی تھیں۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران جائے وقوعہ سے ڈکیتی یا لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ قتل کی وجوہات اور ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:امریکی ریاست وسکونسن میں طیارہ گر کر تباہ، بچے سمیت 6 افراد ہلاک

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ قتل کے محرکات اور ذمہ داروں سے متعلق حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔