سعودی عرب میں حملوں کے بعد فیفا ای اسپورٹس فائنلز ملتوی

Calender Icon جمعرات 15 اکتوبر 2026

فیفا اور سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن نے سعودی عرب میں حالیہ پے در پے حملوں کے بعد 16 سے 25 اکتوبر تک جدہ میں منعقد ہونے والافیفا ای فائنلز 2026 ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

سعودی عرب پر حوثی حملوں میں اب تک کم ازکم 16 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ، جاں بحق افراد میں ایک کا تعلق پاکستان سے ہے ۔

فیفا اور سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے عالمی ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بتایا کہ خطے میں حالیہ پیش رفت اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے درکار انتظامی و لاجسٹک امور پر اس کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

منتظمین کے مطابق فیفا ای فائنلز کے حوالے سے مزید اعلانات مناسب وقت پر کیے جائیں گے۔

اس سے قبل سعودی عرب میں سکیورٹی صورت حال کے جائزے کے بعد جاپان اور برازیل نے پہلے ہی اپنی ای اسپورٹس ٹیمیں مقابلے سے دستبردار کرلی تھیں۔

سعودی عرب میں سکیورٹی صورت حال کے باعث دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے شیڈول پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

سکس کنگز سلیم نمائشی ٹینس ٹورنامنٹ اکتوبر سے دسمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے، جبکہ گالف کی ایشین ٹور تنظیم نے آئندہ ماہ ریاض میں ہونے والے سعودی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سے قبل صورت حال پر نظر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:پنجاب بھر میں موسم سرما کی پہلی دھواں دھار بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے بھی کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایشین کپ کو 2028 تک ملتوی کرنے کے امکان پر غور کیا جا سکتا ہے۔ایشین کپ کا آغاز آئندہ سال 7 جنوری کو ہونا طے ہے، جس کے مقابلے ریاض، جدہ اور الخبر میں منعقد کیے جانے ہیں۔