لاہور، بسنت 12 تا 14 مارچ تک منائی جائے گی، نوٹیفکیشن جاری

Calender Icon جمعہ 23 اکتوبر 2026

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بسنت 2027 کے انعقاد کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے تحت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو پتنگ بازی کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مخصوص ممنوعہ علاقوں کے علاوہ ضلع لاہور میں مقررہ حفاظتی شرائط کے تحت پتنگ بازی کی جاسکے گی، جبکہ خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون ڈوراورتیزمانجھا بنانے اور استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید کے مطابق بسنت کے دوران کسی ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، اس مقصد کے لیے چھتوں پر کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ 31 دسمبرسے قبل اجازت یافتہ مقامات پرچھتوں، منڈیراورسیڑھیوں کی مرمت بھی کروانا ہوگی۔
سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہورکو ہدایت کی ہے کہ پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کروایا جائے، غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میںچھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہ دی جائے۔

بسنت کے دوران پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی پائیداری اور حفاظت کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی۔ بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کے مالکان بسنت سے قبل با حفاظت بنانے کے پابند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگوں اورڈور کی تیاری کے لیے 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک اجازت ہوگی جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خریداری، نقل و حمل اورذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے دی جائے گی۔

سامان کی فروخت 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی جاسکے گی، پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز، تاجروں اوردکانداروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قراردی گئی ہے جبکہ صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کرسکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گِٹھی سے زیادہ نہیں ہوگی جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اورچوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے، رجسٹرڈ مینوفیکچررز اوردکانداروں کو اپنے اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی مقررہ حدود کے مطابق نگرانی کریں گے۔

قانون اور جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی پر کسی بھی عمارت کو سیل کرنے کا اختیار بھی ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوگا، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بسنت کے دوران حفاظتی شرائط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی، حکام نے موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے تاکہ پتنگ کی ڈور سے پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت کی مقررہ تاریخوں سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:ایران جنگ، امریکا کو اسٹریٹجک شکستوں کا سامنا ہے: پاسداران انقلاب

حکام نے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی صرف مقررہ تاریخوں، مخصوص اجازت یافتہ علاقوں اور قانونی طور پر منظور شدہ سامان کے استعمال سے کی جاسکے گی۔