Advertisement

کمرشل امپورٹرز نے ایف بی آر کے سیلز اور انکم ٹیکس علیحدگی فیصلہ مسترد کردیا

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو انکم ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے الگ کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کے لیے نئی انتظامی مشکلات کا پیش خیمہ قرار دے دیا ہے اور ون ونڈو سہولت متعارف کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم مکاتی نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ٹیکس نظام کی اس تقسیم سے ٹیکس کی تعمیل مزید پیچیدہ اور مہنگی ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لینڈ ریونیو کی مبینہ تنظیمِ نو کا مقصد وصولیوں اور کارکردگی میں بہتری لانا ہو سکتا ہے، لیکن اس عمل سے کاروباری طبقے کے لیے مشکلات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔ دونوں نظاموں کو الگ کرنے سے تاجروں کو ایک ہی ٹیکس کے لیے متعدد دفاتر کے چکر لگانے پڑیں گے، جس سے اضافی کاغذی کارروائی، بار بار حاضریوں اور ٹیکس معاملات کے حل میں غیر ضروری تاخیر جنم لے گی۔

سلیم مکاتی نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ پہلے ہی بھاری ٹیکسوں، بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، سرمائے کی قلت اور پیچیدہ قوانین کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، ایسے میں باہمی رابطے کے واضح نظام کے بغیر منقسم ٹیکس اسٹرکچر کاروباری لاگت میں مزید اضافہ کرے گا جس کا سب سے زیادہ خمیازہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نئے سیلز ٹیکس کمشنرز اور موجودہ انکم ٹیکس حکام کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کی صورت میں دائرہ اختیار، آڈٹ، ریفنڈز اور شکایات کے ازالے میں الجھن پیدا ہوگی اور ایک ہی معاملے پر متعدد نوٹسز اور متضاد تشریحات سامنے آئیں گی۔

چیئرمین پی سی ڈی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ نئے دفاتر کی ذمہ داریوں اور رپورٹنگ اسٹرکچر کی واضح وضاحت کی جائے اور انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز حکام کے درمیان بلا رکاوٹ رابطہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بار بار کی انتظامی تبدیلیاں کاروباری سرگرمیوں میں خلل اور بے یقینی کا سبب نہ بنیں، اور ایسی کسی بھی تنظیمِ نو سے قبل بزنس کمیونٹی سے لازمی مشاورت کرتے ہوئے ایف بی آر کے تحت ون ونڈو سہولت کا مربوط نظام متعارف کرایا جائے۔